چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ بار بار کہتا ہوں ملک بھی میرا ہے فوج بھی میری ہے، کچھ لوگ ہیں جو چاہتے ہیں کہ ہماری فوج سے لڑائی ہو۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نہ اپنا جج لگانے کی کوشش کی ہے نہ آئی جی، نہ نیب اور نہ ایف آئی اے کا سربراہ۔ حکومتی اتحادی پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے زیادہ کوشش ہوتی ہے کہ ان کا جج اور آئی جی لگ جائے، جرائم پیشہ لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے کہ کنٹرول رکھیں تاکہ پکڑے نہ جاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موت کو بہت قریب سے دیکھا ہے اللہ بچانے والا ہے، انہوں نے تو مجھ پر حملہ کرنا ہے احتیاط کر رہا ہوں ڈر کوئی نہیں، مجھے پتا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کس نے کیا ہے، میں ایف آئی آر نہیں کٹوا سکتا تو عام آدمی کیا کرتا ہوگا؟ سابق وزیراعظم نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی اور مونس نے پورا زور لگایا، پولیس والے نے کہا میں اس ایف آئی آر پر سائن نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تیسری گولی ٹانگ کی ہڈی پر لگی ہے اس میں تکلیف ہے، ایک ٹانگ پر وزن نہیں ڈال سکتا، چلنے میں تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کے لیے راولپنڈی جارہا ہوں اور قوم میرے لیے آئے گی، کل راولپنڈی اس لیے جانا ہے کہ یہ ملک میں فیصلہ کن وقت ہے، ہمارے جلسوں میں خواتین اور فیملیز آئیں گی۔