انسانی جسم میں خون کی کمی (Anemia) ایک ایسی کیفیت ہے جس میں خون کے سرخ خلیے بننا کم ہوجاتے ہیں۔ خون کے سرخ خلیوں میں موجود ہیموگلوبن جسم کے مختلف حصوں میں آکسیجن کی ترسیل کا کام کرتا ہے جو آئرن اور پروٹین سے مل کر بنتا ہے۔ خون میں ہیموگلوبن کی کمی ہی دراصل انیمیا یا خون کی کمی کہلاتی ہے۔ خون کے سرخ ذرات کی زندگی کا دورانیہ 120دن ہوتا ہے۔ اگر کسی فرد میں یہ کمی پائی جائے تو اس کی صحت کو کئی طرح کے مسائل لاحق ہو جاتے ہیں۔ عالمی ادارئہ صحت کے مطابق خواتین میں یہ مسئلہ مردوں کی نسبت زیادہ پایا جاتا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں بلوغت کی عمر میں داخل 29 فی صد لڑکیاں، 33فی صد غیرحاملہ شادی شدہ خواتین جبکہ 38فی صد حاملہ خواتین خون کی کمی کا شکار ہیں۔