پشاور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد خیبرپختو نخوا میں اپوزیشن جماعتوں نے آج رات اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے سمیت دیگر آپشنز پرغور کیا جائے گا، پارلیمانی لیڈرز اور اپوزیشن ارکان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں جلسے سے خطاب میں صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ اب ہم نے اس نظام کا حصہ نہ رہنے اور اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی تاریخ کا اعلان پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔