بیجنگ: چین میں کورونا کی نئی لہر میں اسپتال اور مردہ خانوں میں رش بڑھ گیا، وبا کے متاثرین کو طویل انتظار کی کوفت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا کی نئی لہر نے ہنگامی صورت حال پیدا کردی۔ یومیہ کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث طبی سہولیات کے اداروں پر دباو بڑھ گیا اور عملے کی کمی کا سامنا ہے۔ یومیہ کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں اور مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی۔ ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں بستر کم پڑ گئے۔ مریضں ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئے۔ چین میں کورونا کی نئی شکل کا ویریئنٹ تیزی سے دیگر ممالک میں بھی پھیل رہا ہے جس کے باعث کئی ممالک چین پر سفری پابندیوں کے قوانین کے نفاذ پر غور کر رہے ہیں۔