لاہور: وفاقی حکومت نے پنجاب کو بڑا سرپرائز دیتے ہوئے رعایتی قیمت پر قبل از وقت 1 لاکھ94 ہزار ٹن امپورٹڈ گندم فراہم کردی ہے۔ رعایتی قیمت والی امپورٹڈ گندم کے 3 جہاز کیماڑی بندرگاہ پہنچنا شروع ہو گئے۔ پنجاب کو 8 ارب 92 کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔ پنجاب کابینہ نے اپنے الوداعی اجلاس میں ہنگامی طور پر پاسکو معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں محکمہ خوراک پنجاب نے آئندہ 7 روز تک 26 ہزار ٹن یومیہ گندم کوٹہ اور سرکاری آٹا کی فروخت کیلیے قائم ٹرکنگ پوائنٹس جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مزید ایک ہفتہ کیلیے سرکاری کوٹہ کے مساوی نجی گندم کی پسائی کی پابندی بھی برقرار رہے گی۔