اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عمران خان کے زرداری سے متعلق بیان کے بعد اگر والد ، پارٹی یا مجھ پر حملہ ہوا تو اس کا حساب لیا جائے گا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر بلاول بھٹو نے لکھا کہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے میرا اور میری پارٹی کا نام لے کر براہ راست دھمکیاں دئیے جانے کے بعد عمران خان اب میرے والد سابق صدر آصف زرداری پر غلط الزامات عائد کررہا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ عمران خان کے بیانات نے میرے والد، میری فیملی اور میرے متعلقین کیلئے خطرات بڑھادئیے ہیں، ہم اپنے خاندان کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے عمران خان کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور عمران خان کے حالیہ توہین آمیز اور خطرناک الزامات کے حوالے سے قانونی پہلوں کو بھی دیکھ رہے ہیں۔