سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے کیا گیا ٹوئٹ غیر ذمے دارانہ ہے، ان کا مقصد پاکستان کی سیکیورٹی صورت حال اور سیاسی ماحول خراب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی بڑی معیشت کو 24 سے 47 نمبر تک تنزلی دی، 24 سے47ویں نمبر پر آنے والی معیشت کی تباہی بری گورننس، نااہلی، بیمثال قرضوں کا ثبوت ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی، بدانتظامی، بدعنوانی کی حکمرانی نے عوام کو مہنگائی اور ناقابل برداشت مسائل سے دوچار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے عمران خان کو بطور رہنما سیاسی جماعت سیکیورٹی، نیشنل ایکشن پلان پر قومی مکالمے کے لیے مدعو کیا، شہباز شریف کے مدعو کرنے پر عمران خان کا غیرمہذب اور گھٹیا انداز میں ردعمل چونکا دینے والا ہے۔