مبینہ بین الاقوامی سازش کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت گرانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے سائفر کی تحقیقات کے لیے چیمبر اپیلوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس قاضی فائز عیسی نے گزشتہ روز سائفر کی تحقیقات کے لیے دائر اپیلوں پر سماعت کی تھی۔ ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ، نعیم الحسن اور طارق بدر نے سائفر کی تحقیقات کے لیے چیمبر اپیلیں دائر کی تھیں۔ عدالتِ عظمی کے تحریری حکم نامے کے مطابق سپریم کورٹ ایگزیکٹیو کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتی، آرٹیکل 175/3 عدلیہ کو ایگزیکٹیو سے الگ کرتا ہے۔ سپریم کورٹ کا اپنے تحریری حکم نامے میں کہنا ہے کہ عدلیہ اور ایگزیکٹیو کو ایک دوسرے کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔


