لاہور: پاکستان سپر لیگ کے پندرہویں میچ میں لاہور قلندر نے فخر زمان کی شاندار بیٹنگ اور شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پشاور زلمی کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 40 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا پندرہواں میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا، میچ کا ٹاس قلندرز کے حق میں آیا تو کپتان شاہین آفریدی نے پہلے بیٹنگ کرنے کا اعلان کیا۔ پشاور زلمی نے 242 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اسے مایوس کن آغاز ملا، شاہین آفریدی نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر محمد حارث کو کلین بولڈ کیا اور پھر 28 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔