وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خواتین کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر خواتین کے معاشرے میں کلیدی کردار کو پہچاننے اور انسانی تہذیب کے ارتقا میں انکی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، تحریکِ پاکستان میں فاطمہ جناح ہوں یا بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوں یا ملالہ یوسف زئی، خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقا میں مرکزی کردار کسی قیمت جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ہمارے دینِ اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیئے، ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا۔