وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان پہنچنے والے روسی تیل کے بعد آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں پر اثر پڑے گا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ روس سے ایک لاکھ ٹن تیل کا معاہدہ ہے، دو جہاز آئیں گے، پہلی دو شپمنٹس استعمال کرنے کے بعد روس سے مزید تیل خریدیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہنچنے والے روسی تیل سے بھرے جہاز کو آف لوڈ ہونے میں 3 دن لگیں گے۔ وزیر مملکت پیٹرولیم نے بتایا کہ آذربائیجان سے ہر ماہ ایل این جی کی ایک سستی کارگو خریدنے کا معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔ مصدق ملک کا کہنا ہے کہ گرین ہائیڈروجن سے متعلق امریکا سے بات چیت چل رہی ہے، سابق وزیرِ اعظم نے امریکا سے کبھی لڑائی اور کبھی دوستی کر کے خارجہ پالیسی خراب کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نے تو یہ بھی کہا تھا کہ فرانس کے صدر کا فون آیا، میں نے نہیں اٹھایا، کوئی ان کا فون نہیں اٹھاتا تھا کوئی ان کو فون نہیں کرتا تھا اس وزیرِ اعظم کی کیا بات کریں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ خود کو ٹرانسپیرنٹ رکھیں جیسا ہم نے رکھا تو دنیا بھی پھر آپ کے ساتھ چلتی ہے، اب تو روس کا تیل پاکستان پہنچ گیا کسی نے حکومت ختم نہیں کی۔