نیویارک: حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق میں پایا گیا ہے کہ منشیات زیادہ مقدار میں لینے سے خواتین کے مقابلے میں مرد زیادہ موت کا شکار ہوتے ہیں۔ امریکی شہر نیو یارک میں مانٹ سینائی کے آئیکاہن سکول آف میڈیسن اور امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آن ڈرگ ابیوز (این آئی ڈی اے) کے سائنسدانوں کی سربراہی میں کی گئی ایک تحقیق میں پایا گیا ہے کہ منشیات زیادہ مقدار میں لینے سے مردوں میں موت کا امکان خواتین کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ ہے۔ منشیات میں افیونیل اور ہیروئن، میتھم فیٹامن اور کوکین شامل ہیں۔ مطالعہ کے مصنفین نے کہا کہ مرد خواتین کے مقابلے زیادہ شرح پر منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مردوں عورتوں دونوں کو ہی آج کے دور میں فینٹانائل سے آلودہ ادویات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن کوئی اور چیز ہے جو مردوں میں نمایاں طور پر زیادہ شرح پر اموات کا باعث بن رہی ہے۔ مطالعہ کی شریک مصنفہ اور این آئی ڈی اے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نورا وولکو کا کہنا تھا کہ ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ مرد زیادہ کثرت سے یا زیادہ مقدار میں منشیات کا استعمال کرتے ہیں جس سے ان کی موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے لیکن دوسری وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ خواتین میں ایسے حفاظتی عوامل موجود ہوں جو مردوں کے مقابلے میں ان کی موت کے خطرے کو کم کرتے ہوں۔