تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلیوں کی رہائی کیلئے بات چیت جاری ہے۔پریس کانفرس کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ قطری وزیراعظم سے موساد کے سربراہ کی ملاقات ہوئی ہے، قطر نئے قیدیوں کی رہائی کے معاہدے میں ثالثی کر رہا ہے، نیوز کانفرنس میں اس سے متعلق مزید بات نہیں کر سکتا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز نے اعتراف کیا تھا کہ غزہ پر حملے کے دوران 3 اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک ہو گئے جس کے بعد اسرائیل میں ہزاروں کی تعداد میں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔اسرائیلی عوام نے تل ابیب میں مظاہرے کیے اور وزیر اعظم نیتن یاہو کیخلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین میں حماس کے قبضے میں قید یرغمالیوں کے خاندان کے علاوہ عام شہریوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔