پاکستان

سپریم کورٹ؛ مبینہ دھاندلی پر انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج

سپریم کورٹ؛ مبینہ دھاندلی پر انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار علی خان کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔‌علی خان نامی شہری کی انتخابات کالعدم قرار دے کر نئے انتخابات کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ میں شامل ہیں۔‌سپریم کورٹ نے 19 فروری کو بریگیڈیئر ریٹائرڈ علی خان کو وزارت دفاع کے ذریعے نوٹس جاری کیا ہے لیکن درخواست گزار سابق بریگیڈیئر علی خان پیش نہ ہوئے۔‌سماعت کے آغاز پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ علی خان کے گھر پولیس بھی گئی وزارت دفاع کے ذریعے نوٹس بھی بھیجا، علی خان گھر میں نہیں ہیں اور نوٹس ان کے گیٹ پر چسپاں کر دیا گیا ہے۔‌چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ علی خان کون ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ یہ سابق بریگیڈیئر ہیں جن کا 2012 میں کورٹ مارشل ہوا تھا۔‌دوران سماعت، پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا روسٹرم پر آئے لیکن عدالت نے شوکت بسرا کو بولنے کی اجازت نہ دی۔ شوکت بسرا نے کہا کہ میرا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور اس کیس میں کچھ کہنا چاہتا ہوں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ اس کیس میں درخواست گزار بھی نہیں اور وکیل بھی نہیں ہیں اس لیے آپ بیٹھ جائیں۔ چیف جسٹس نے شوکت بسرا کو روسٹرم سے ہٹنے کی ہدایت کر دی۔‌چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ 19 فروری کو ہمارے آفس کو ایک ای میل آئی ہے وار یہ ای میل ویری فیکشن برانچ کو علی خان کی جانب سے بھیجی گئی جس میں علی خان نے بتایا کہ میں بیرون ملک ہوں۔ 13 فروری کو قطر ایئر ویز کا ٹکٹ لے کر دوحا اور پھر بحرین چلے گئے، عجیب بات ہے درخواست دائر کی اور دوسرے دن بیرون ملک چلے گئے۔‌چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس ای میل کے بارے ہماری برانچ نے بھی کنفرمیشن کی کہ وہی شخص ہے، درخواست گزار نے ای میل میں لکھا ہے کہ ملک سے باہر ہوں اور درخواست گزار نے ای میل میں درخواست واپس لینے کی استدعا کی ہے، علی خان نے لکھا ہے کہ بیرون ملک ہونے کے وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا جبکہ ای میل میں بورڈنگ پاس، ٹکٹ اور بحرین جانے کے تمام سفری دستاویزات لگائے گئے ہیں۔‌چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ دستاویزات کے مطابق درخواست گزار دوحہ سے کنکٹنگ فلائیٹ لیکر بحرین گیا، عجیب آدمی ہیں سستا ہونے کے باعث لوگ ریٹرن ٹکٹ لیتے ہیں انھوں نے ون وے ٹکٹ لیا، لگتا ہے علی خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر کے ’’پبلسٹی اسٹنٹ‘‘ کھیلا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے