سیؤل: اسمارٹ فون بنانے والی کورین کمپنی سام سنگ نے 1 ٹیرا بائٹ (ٹی بی) میموری کا حامل فلیگ شپ فون متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی۔ سام سنگ کی جانب سے رواں سال گلیکسی ایس 22 الٹرا متعارف کرایا جائے گا جو میموری کے اعتبار سے مختلف ہوگا ۔
ایس 22 الٹرا کی اپنی میموری 1 ٹی بی ہوگی جبکہ اس میں علیحدہ سے میموری کارڈ کی سلاڈ بھی دی جائے گی، اگر ریم کی بات کی جائے تو فون کے حساب سے یہ 12 اور 16 جی بی تک ہوگی۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سام سنگ نے اسی ماڈل میں 128، 256 اور 512 جی بی والے فلیگ شپ فون بھی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کی قیمتیں میموری اور ریم کے اعتبار سے مختلف ہوں گی۔
سام سنگ کی جانب سے اس سیریز کے 3 فون گلیکسی ایس 22، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا متعارف کرایا جائیں گے، جن میں 8 جنریشن اسینپ ڈریگون چپ پراسیسر نصب کیا جائے گا، جو موبائل کی رفتار کو تیز رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔ ایس 22 سیریز کی اب تک لیک ہونے والی تصاویر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کے ساتھ صارف کی سہولت کے لیے ٹچ پین بھی دیا جائے گا۔ کمپنی کی جانب سے اب تک فون کی قیمت اور مارکیٹ میں دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل سام سنگ کی جانب سے 2019 میں گلیکسی ایس 10 موبائل متعارف کرایا گیا تھا، جس کی اپنی اسٹوریج1 ٹی بی تھی جبکہ اس میں علیحدہ سے میموری کارڈ کی سلاڈ بھی دی گئی تھی۔