اسلام آباد: تحریک انصاف نے آصف زرداری کو نااہل قرار دلانے کے لیے قومی اسمبلی میں ریفرنس جمع کرادیا جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے بطور صدر مملکت توشہ خانہ سے تین قیمتی گاڑیاں خلاف قانون خریدیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری اور افتخار درانی پارلیمنٹ ہاس پہنچے جہاں انہوں ںے اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملنا چاہا تاہم وہ موجود نہیں تھے جس پر رہنماں نے سیکریٹری قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ریفرنس جمع کرادیا۔ ریفرنس میں پی ٹی آئی کے رہنماں نے کہا ہے کہ سابق صدر اور رکن اسمبلی آصف زرداری نے توشہ خانہ سے تین گاڑیاں خلاف قانون خریدیں انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ ریفرنس جمع کرانے کے بعد زلفی بخاری نے افتخار درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج ایم این اے آصف زرداری کے خلاف اسپیکر کے پاس ریفرنس جمع کرایا ہے، یوسف رضا گیلانی نے قانون کے خلاف آصف زرداری کو توشہ خانہ سے تین گاڑیاں لینے کی اجازت دی۔ زلفی بخاری نے کہا کہ 2013 کے قانون کے مطابق کسی سربراہ مملکت کو تحفہ شدہ گاڑیاں خریدنے کی اجازت نہیں تھی، تحفہ شدہ نوادرات میوزیم اور گاڑیاں کابینہ کے پول پر جانا تھیں، یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری کو توشہ خانہ کی گاڑیاں دینے کے لیے غیر قانونی طور پر سمری پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک انسان کے لیے قانون میں نرمی کی گئی، آصف زرداری نے قانون کی خلاف ورزی کرکے تین قیمتی گاڑیاں خریدیں جب کہ عمران خان نے قانون کے مطابق رقم ادا کرکے توشہ خانہ سے چیزیں حاصل کیں، پاکستان کے قانون کے مطابق تحفہ شدہ گاڑیاں کوئی بھی نہیں خرید سکتا۔ زلفی بخاری نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر آصف زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کردیا ہے، آصف زرداری کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دیا جائے۔