ننکانہ صاحب: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب کی بار جو عوام کا سمندر آئے گا تو حکومت کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی اور نہ وہ اسے روک سکتے گی۔ ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس میں انکشاف ہوا تھا کہ لندن کے چار فلیٹس مریم نواز کی ملکیت ہیں جبکہ ان کے پاس اتنا پیسہ ہی نہیں کہ اتنے مہنگے فلیٹس خرید سکتے۔ عمران خان نے سائفر کا معاملہ اٹھانے اور اسے سامنے لانے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تحقیقاتی کمیٹی یہ اپنے فائدے کے لیے بنا رہے ہیں اگر واقعی تحقیقات کرنی ہیں تو غیرمتنازع ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنا کر اس کی انکوائری کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کے حوالے سے جب بھی تحقیقات ہوں گی تو یہی بات سامنے آئے گی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت غلط طریقے سے ہٹایا گیا۔ عمران خان نے جلسے میں شریک کارکنان اور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب لانگ مارچ کی تیاری کریں، میں جلد آپ کو کال دینے جارہا ہوں اور اس میں اب زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت کو چلینج کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی کرلیں عوام کو نہیں روک سکیں گے کیونکہ اس بار جو سمندر آئے گا تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔