قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ کو دوبارہ جوائن کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی لندن میں پی سی بی ایڈوائزری پینل کی زیر نگرانی ری ہیب مکمل کرنے کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو برسبین میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کے 17 اور 19 اکتوبر کو بالرتیتب انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف شیڈول وارم اپ میچز میں شرکت کے لیے دستیاب ہوں گے، جہاں ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق شاہین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دس روز سے روزانہ بغیر کسی درد کے تیزرفتاری سے چھ سے آٹھ اوورز پھینک رہے ہیں۔