کراچی: شہر قائد میں ڈاکو راج جاری ہے جب کہ پولیس لوٹ مار کی وارداتیں اور اس دوران فائرنگ کے واقعات روکنے میں مکمل ناکام نظر آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ روز ڈاکوں نیواردات کے دوران مزاحمت کرنے والے مزید 2 نوجوانوں کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب سرجانی ٹان سیکٹر 6 بی میں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر 30 سالہ امجد ولد عبدالمالک کی جان لے لی ۔ مقتول اپنی ایزی لوڈ کی دکان بند کرکے واپس جارہا تھا کہ گھر کے قریب ملزمان نے اسے لوٹنے کی کوشش کی۔مقتول سرجانی ٹان ہی کا رہائشی تھا ۔ دوسرا واقعہ بھی گزشتہ شب نیو کراچی میں پیش آیا، جہاں اللہ والی بس اسٹاپ کے قریب ملزمان نے فائرنگ کرکے 25 سالہ امان ولد وحید کی زندگی کا چراغ گل کردیا۔ ورثا کے مطابق امان چپل کے کاروبار سے وابستہ اور 4 بچوں کا باپ تھا ۔ وہ موٹر سائیکل پر کسی کام سے جارہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اس سے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ۔ امان کے سینے میں لگنے والی گولی اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔