کراچی کے علاقے کیماڑی کی مسجد میں شہری نے بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا، واقعہ کی موبائل فون سے بنی ویڈیو سامنے آگئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بچے کے مسجد میں کھیلنے پر شہری نے منع کیا، بچے کے نہ ماننے پر شہری نے بچے پر ہاتھوں اور لاتوں سے تشدد کیا، کئی دیگر شہریوں نے تشدد کرنے والے شخص کو سمجھانے کی کوشش بھی کی۔ واقعے کا مقدمہ بچے کی والدہ کی مدعیت میں جیکسن تھانے میں درج کرلیا گیا۔ مدعی مقدمے کے مطابق کیماڑی کی مسجد اور مدرسہ میں صفائی کا کام کرتی ہوں، میرے 15 سال کے بیٹے سعد پر معراج گل نامی شخص نے تشدد کیا، میرا بیٹا اس مدرسے میں زیر تعلیم ہے میرے بیٹے کے سر ہاتھ اور پیر پر چوٹیں آئیں۔ پولیس نے تشدد میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔