لاہور: لاہور میں مال روڈ پر تجرباتی طور پر ڈرون کیمرے سے ٹریفک مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا۔ ڈرون مانیٹرنگ کے دوران روڈ بلاک ، احتجاج اور متبادل روٹ پلان کا جائزہ لیا گیا۔ سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے مال روڈ احتجاج کے دوران ڈرون مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک آصف صدیق، ایس پی شہزاد خان بھی موجود تھے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ڈرون کیمرے سے روڈ انجینئرنگ کے مسائل کا مشاہدہ کیا۔ اسموگی وہیکلز اور ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو باقاعدہ طور پر مانیٹر کیا جائے گا۔ منتظر مہدی نے ٹریفک مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس یونٹ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پرڈرون کیمرے سے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ ، فیروزپور روڈ اور دیرماڈل روڈ پر ڈرون مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ڈرون ٹیکنالوجی مانیٹرنگ سے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنایا جاسکے گا۔