لندن: برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم کی تاج پوشی اگلے سال 6 مئی کو کی جائے گی اور اس تقریب میں روایت کے برعکس جدت بھی نظر آئے گی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بکنگھم پیلس نے اعلان کیا ہے کہ شاہی راویت کے تحت 73 سالہ شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں 6 مئی 2023 میں منعقد کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بار تاج پوشی کی تقریب میں بادشاہت کی 900 سالہ قدیم تاریخی روایات کے ساتھ ساتھ جدید کردار کی بھی عکاسی کی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بادشاہ چارلس سوم کی اہلیہ 75 سالہ ملکہ کنسورٹ کمیلا کو بھی تاج پہنایا جائے گا۔ خیال رہے کہ 6 مئی کو بادشاہ کے پوتے اور شہزادہ ہیری اور میگھن کے بیٹے آرچی کی چوتھی سالگرہ بھی ہے۔ واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ 96 سال کی عمر میں 10 ستمبر کو انتقال کرگئی تھیں اور دو روز بعد ملک کے نئے بادشاہ چارلس سوم نے حلف اٹھا لیا تھا جب کہ ملکہ کی آخری رسومات 19 ستمبر کو ادا کی گئی تھیں۔