اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو عام انتخابات کے لیے چند دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی مارچ اکتوبر سے آگے نہیں جائے گا، اگر ایک بار عوام سڑکوں پر نکل آئے اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ نتیجہ کیا نکلے گا۔ عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ پر حتمی مشاورت ہوئی، ضمنی انتخابات کے نتائج کی ابتدائی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا ساتھ ہی ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے حلقوں کی سطح پر عوام کو انتخاب کیلئے متحرک کرنے پر کارکنان اور ذمہ داران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں امریکی صدر جوبائیڈن کے اشتعال انگیز بیان اور موجودہ حکومت کے ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان کی آزادی و خودمختاری کے ضمن میں امریکی صدر کے بیان پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے سینیٹر اعظم سواتی پر زیر حراست تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے بھرپور اقدامات کی منظوری دی گئی۔ شرکا نے کہا کہ این اے 237 کراچی میں پیپلز پارٹی کی غنڈہ گردی اور الیکشن کمیشن کے مکمل سکوت کی مذمت کرتے ہیں۔ اجلاس میں حقیقی آزادی کی تحریک کے حتمی مرحلے کی منصوبہ بندی پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف کی اہم ترین پریس کانفرنس کے نکات پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔