بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں 3 گاڑیوں کے باہمی تصادم کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا میں حیدرآباد سے لکھن جانے والی مسافر بس،اور ٹرک سمیت 3 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ مسافر بس میں 100 سے زیادہ افراد سوار تھے جو دیوالی کا تہوار منانے اپنے اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ 12 افراد کی موقع پر ہی ہلاکت ہوگئی جب کہ 2 دوران ہلاک دم توڑ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 40 افراد کو قریبی سرکاری اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ تیسری گاڑی تھی تاہم اس میں سوار افراد گاڑی کے ساتھ فرار ہوگئے۔