آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج سپر 12 مرحلے کے سلسلے میں ایک ہی میچ کھیلا جائے گا جو میزبان آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ پرتھ میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔ گروپ ون کا یہ میچ آسٹریلیا کے لیے زیادہ اہم ہے کیوں کہ اس کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 89 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوچکی ہے۔ میزبان ٹیم کو سیمی فائنل میں بغیر کسی اگر مگر اور رن ریٹ کے چکر میں پھنسے جانا ہے تو پھر یہ مقابلہ اس کے لیے جیتنا انتہائی ضروری ہوگا۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 9 وکٹ سے مات دے کر 2 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔