کھیل

کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے نام کے حقوق نیشنل بینک نے حاصل کرلیے

کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے نام کے حقوق نیشنل بینک نے حاصل کرلیے

کراچی: نیشنل بینک آف پاکستان نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے نام کے حقوق حاصل کرلیے۔ جس کے بعد آئندہ پانچ سال تک اسٹیڈیم کو نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کے نام سے پکارا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیشنل بینک آف پاکستان نے ملک کے سب سے مشہور ٹیسٹ وینیوز میں سے ایک کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے نام کے حقوق کیلیے پانچ سالہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے، اس طرح یہ مقام اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کے نام سے پکارا جائے گا۔ معاہدے کے تحت پی سی بی اور این بی پی ملک بھر میں نچلی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے اور اس کی ترقی و تشہیر کیلیے بھی اقدامات اور شراکت داری کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے، جس میں پاکستان کے دیہی علاقوں میں مقامی ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے پی سی بی کے اقدامات کی حمایت بھی شامل ہے۔ معاہدے پر دستخط کے بعد پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ میں ماضی میں پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے کے بعد نیشنل بینک آف پاکستان کو پی سی بی فیملی میں واپسی پر خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں۔ این بی پی کی پی سی بی کے ساتھ دوبارہ شراکت داری ایک اچھی خبر ہے کیونکہ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ باوقار تنظیمیں پاکستان کرکٹ برانڈ کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پی سی بی پاتھ ویز پروگرام میں تعاون کرنے پر نیشنل بینک آف پاکستان کا بھی شکر گزار ہوں۔ میں نے ہمیشہ خام ٹیلنٹ کے لیے ایسے اقدامات پر زور دیا ہے جسے پیشہ ورانہ طور پر قومی فریم ورک میں شامل کیا جا سکے۔ اس پس منظر میں این بی پی کے ساتھ یہ شراکت اس سمت میں ایک اہم تحریک ہے۔ دوسری جانب این بی پی کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی کا کہنا ہے کہ ہمیں پی سی بی کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم، کراچی دنیا کے سب سے مشہور کرکٹ مقامات میں سے ایک ہے اور اس نے ہر دور کے متعدد لیجنڈز کی میزبانی کی ہے۔ ہم ایسے ناقابل یقین کرکٹ وینیو کے ساتھ منسلک ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں، اگلے پانچ سالوں کے دوران ہماری کوشش پی سی بی کو اس مقام کو مزید بلند کرنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں پاکستان کرکٹ کے لیے گراس روٹ لیول پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے