اسلام آباد: ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 4.13 فیصد اضافہ ہوگیا اور سالانہ بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 27.13 فیصد سے بڑھ کر دوبارہ 30.68 فیصد ہوگئی۔ اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 16 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 14 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے نمک کی قیمتوں میں 2.57 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 1.04 فیصد، چائے کی پتی کی قیمتوں میں 1.89 فیصد، تازہ دودھ کی قیمتوں میں 1.23 فیصد، ایری سکس چاول کی قیمتوں میں 1.24 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 1.31 فیصد، بجلی کی قیمت میں 89.34 فیصد اور انرجی سیور کی قیمتوں میں 1.57 فیصد اضافہ ہوا۔