لندن: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم شہباز شریف ہی کریں گے، لانگ مارچ عمران خان کا آخری کارڈ تھا وہ بھی ہاتھ سے گیا۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوام کے ٹیکس کا پیسہ اپنے لانگ مارچ پر لگادیا، قومی وسائل کو مارچ کے نام پر بے دردی سے لوٹا جارہا ہے، اتنے لوگ لانگ مارچ میں نہیں ہوتے جتنے لوگ پنجاب حکومت کے اس کی حفاظت پر مامور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے، اس کی سیاسی جدوجہد مشرف سے شروع ہو کرآنکھ، کان، ناک کہنے والوں تک جاتی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف آرمی چیف کی تقرری آئین کے مطابق کریں گے، لانگ مارچ عمران خان کا آخری کارڈ تھا وہ بھی ہاتھ سے نکل گیا کیونکہ اسے عوام نے مسترد کردیا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنے نے جھوٹ بولنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا، اگر اسٹیبلشمنٹ نے انہیں نوازشریف کی کرپشن کے بارے میں کچھ بولا تھا تو ثبوت دیکھنے چاہیے تھے کیونکہ عدالتیں شواہد اور ثبوت کی بنیاد پر ہی فیصلے دیتی ہیں۔