لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ایک سال بعد الیکشن سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ ایک سال الیکشن کا انتظار کرلیں، تحریک انصاف کو اس میں کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ عوام ہمارے ساتھ ہے اور ضمنی انتخابات کی طرح ہم تاریخی فتح حاصل کرلیں گے مگر ملک کی موجودہ معاشی صورت حال دیکھ کر خوف آرہا ہے جس کی وجہ سے فوری انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن اور پی پی حکومت کی ماضی کی حکومت کو کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ملک کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار بھی قرار دیا۔عمران خان نے کہا کہ ان دو خاندانوں نے ملک کا قرضہ بڑھایا، قرض دینے والے ممالک ہم سے جواب میں ملکی سلامتی کا سودا کرتے ہین، جس سے انہیں کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ ان کے سارے اثاثے باہر ہیں اور نوازشریف بھی قومی سلامتی پر سمجھوتہ کرتے دیر نہیں کرے گا۔