اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی جے آئی ٹی پر اعتراض اٹھا دیا۔ وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کی جانب سے سی سی پی او لاہور کی سربراہی میں قائم کی جانے والی جے آئی ٹی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس کی اہلیت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کیلئے پنجاب حکومت کو مراسلہ لکھ دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں آ ئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی شامل کرے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران کو بھی شامل کیا جائے۔