وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق وزارت دفاع کو وزیر اعظم کا خط مل گیا ہے، اس خط کے بارے میں جی ایچ کیو کو بتا دیا گیا ہے، دو تین روز میں تمام مرحلہ مکمل ہوجائے گا اور یہ ہیجان ختم ہوجائے گا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آئندہ ایک دو دن میں اس حوالے سے فیصلہ بھی متوقع ہے، دو یا تین دن میں سارا مرحلہ طے ہو جائے گا، اس مرحلے کے بعد عمران خان سے جو دو دو ہاتھ کرنے ہیں وہ بھی ہو جائے گا، ان ہی اداروں نے چار سال عمران خان کو مکمل سپورٹ کیا، عمران خان اپنی ناکامیوں کا ملبہ اداروں پر نہ ڈالیں اور ان پر حملے نہ کریں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایک ادارے کے سربراہ کی تقرری کے حوالے سے غلط خبریں چلیں، اس ادارے کا ماضی میں ایک کردار رہا ہے، وہ کردار ماورائے آئین رہا ہے، آج وہ ادارہ آئین کے تحت کردار ادا کرنا چاہتا ہے، آج 75 سال بعد اگر ادارہ آئین کے طابع رہنا چاہتا ہے تو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔