اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نئے آرمی چیف کی سمری ارسال کیے جانے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی لاہور میں عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور صدر مملکت کے درمیان زمان پارک لاہور میں ملاقات ہوئی۔ صدر نے وزیر اعظم ہاس سے منظور ہونے والی سمری کے حوالے سے عمران خان کو اعتماد میں لیا۔ صدر عارف علوی نے عمران خان کو وزیراعظم کی جانب سے بھیجوائی گئی سمری پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ آئین اور قانون کے مطابق جو بنتا ہے اس کے مطابق سمری دیکھیں، اگر درست ہے تو سمری نکال دیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، ہماری کسی ادارے سے کوئی جنگ نہیں۔ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق سمری موصول ہونے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فوری طور پر عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے۔