بنگلور: سوشل میڈیا پر ہونے والے احتجاج اور دباو کے باعث مودی سرکار مسلم طالب علم کو بھری جماعت میں دہشت گرد کہنے والے پروفیسر کو معطل کرنے پر مجبور ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو کے منیپال انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے مسلم طالبعلم کو اجمل قصاب سے تشبہیہ دینے والے پروفیسر کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امتیازی سلوک اور نفرت آمیز جملوں کی ادارے میں کوئی گنجائش نہیں۔ مذکورہ واقعہ ناقابل برداشت ہے جس میں ایک پروفیسر نے نامناسب رویہ رکھا۔ دوسری جانب پروفیسر کے نفرت آمیز جملوں کا سامنا کرنے والے مسلم طالب علم نے اپنے حق میں آواز اٹھانے والے ہر فرد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے اس وقت ٹیچر کے ذہن میں کیا چل رہا تھا۔ انھوں نے ایک غلط بات کی جس کا میں نے مناسب انداز میں جواب دیا۔