بوسٹن: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ برقی سگریٹ، جس کو ویپ بھی کہا جاتا ہے، دیگر مضر صحت اثرات کے ساتھ دانتوں کو بھی خراب کر سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ویپنگ دانتوں میں سوراخ کا سبب بنتی جس کا فوری طور پر علاج نہ کرایا جائے تو نتیجتا دانت ضائع بھی ہوسکتے ہیں۔ امریکی ریاست میساچوسیٹس کے شہر بوسٹن میں قائم ٹفٹس یونیورسٹی اسکول آف ڈینٹل میڈیسن کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر اور تحقیق کی سربراہ مصنفہ ڈاکٹر کرِینا اِروسا کا کہنا تھا کہ اگر آپ ویپنگ کرتے ہیں تو خبردار ہوجائیں اس کے ممکنہ طور پر منہ کی صحت پر مضر اثرات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ویپ کرتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے دندان ساز کو اس کا علم ہو کیوں کہ اس بات کے معلوم ہونے سے معالجین آپ کا علاج ایک عام مریض سے زیادہ جارحانہ انداز میں کریں گے۔