پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے انگلینڈ کے 657 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے 51 اوورز کے کھیل میں انگلش بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔ امام الحق نے 148 گیندوں پر 90 رنز بنالیے ہیں، انہوں نے مجموعی طور 14 بار گیند کو باونڈی کے باہر کا راستہ دکھایا، جس میں ایک چھکا بھی شامل ہے۔ عبداللہ شفیق 158 گیندوں پر 89 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، انہوں نے 12 بار گیندوں باونڈری کے باہر پھینکا، ان کی اننگز میں 2 چھکے بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل انگلینڈ نے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 506 رنز 4 کھلاڑی آٹ سے کیا۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دن کے آغاز پر ہی انگلش کپتان بین اسٹوکس کو 41 رنز پر بولڈ کر کے انگلینڈ کا پانچواں کھلاڑی واپس پویلین بھیجا۔ انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 539 رنز پر گری، جب لیام لیونگسٹن کو نسیم شاہ نے 9 رنز پر کیچ آٹ کرایا۔