راولپنڈی: جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں اشیا خورونوش اور سبزیوں و پھولوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جبکہ مہنگائی کے مارے عوام نے اتوار بازاروں کا رخ کرلیا۔ قیمتوں میں اضافے و ضلعی انتظامیہ و مارکیٹ کمیٹیوں کے اوپن مارکیٹ پر چیک نہ ہونے کے باعث دکانداد من مانے نرخ بھی وصول کرتے دیکھائی دیتے ہیں، آئے روز کی مہنگائی اور اوپن مارکیٹ میں دکانداروں کی من مانیوں کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد اتوار بازاروں کا رخ کر رہی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں برائلر زندہ مرغی کی سرکاری ریٹ لسٹ میں فی کلو قیمت 275 روپے مقرر تھی لیکن اوپن مارکیٹ میں 290 سے 300 روپے فی کلو فروخت ہوتی رہی۔ برائلر مرغی سرکاری ریٹ لسٹ میں فی کلو گوشت 412 روپے مقرر جبکہ اوپن مارکیٹ میں 500 سے 510 روپے فی کلو میں فروخت جاری رہی۔ برائلر مرغی کے انڈے سرکاری ریٹ لسٹ میں 280 روپے درجن مقرر کیے گئے جبکہ مارکیٹ میں 320 روپے میں فروخت ہوتے رہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق آلو 72 روپے فی کلو جبکہ اوپن مارکیٹ میں 90 سے 95 روپے فی کلو فروخت ہوتا رہا، پیاز سرکاری لسٹ میں فی کلو 188 روپے مقرر جبکہ اوپن مارکیٹ میں 200 سے 240 روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا، ٹماٹر 128 روپے فی کلو کے بجائے 150 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا۔