مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، جب چاہیں واپس لے لیں۔ لاہور میں مونس الہی سے پی ٹی آئی رہنماں عمران اسماعیل اور عامر کیانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مونس الہی نے کہا کہ عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، مدتوں بعد قوم کو ایسا رہنما نصیب ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر موقع پر عمران خان کا ساتھ دیں گے، جس کے ساتھ چلتے ہیں ساتھ نبھاتے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے آئے، جب تک اللہ کو منظور ہوگا کام کریں گے۔ رہنما مسلم لیگ (ق) کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے خوفزدہ ہیں کہ عمران خان اب کیا کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے دیے تو بھی اپوزیشن کا حکومت بنانے کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پرویز الہی اور مونس الہی ہمارے قابل قدر اتحادی ہیں، ان پر پورا اعتماد ہے۔ رہنما پی ٹی آئی عامر کیانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) اور پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوٹے گا۔