سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ عمران خان کا محسن ہے اور یہ انہیں بھی گالیاں دیتا ہے۔ سیالکوٹ میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ایک شخص کو اقتدار میں لایا گیا جس نے معیشت کو تباہ کر دیا، آج وہ کہہ رہا ہے کہ اس کے ساتھ انصاف کیا جائے، عمران خان اچانک پاکستان پر نازل نہیں ہوا اسے منصوبہ بندی کے ذریعے 2011 کے بعد لانچ کیا گیا، ہم نے ملکی تباہی کو روکنے کی بھر پور کوشش کی مگر منصوبہ ساز اسے اقتدار منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے، جب قومیں جعلی اور فراڈیوں کے نعروں کے پیچھے چل پڑیں تو تباہی ہوتی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف بیرون ملک کی عدالت میں ایک اخبار نے جھوٹا بیان لگانے پر معافی مانگی، ہمارے خلاف ٹیلی ویژن پر مہم چلائی گئی، عمران خان کہتا تھا برطانوی عدالتوں میں انصاف ملتا ہے، اس نے شہباز شریف کو دو بار جیل بھیجا اور تیسری بار بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا، ہم نے سیاسی خواتین کو کبھی نشانہ نہیں بنایا ہمارے قائد کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا، ایک مرد مجاہد رانا ثنا پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا جسے عدالت نے بری کیا۔