پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔ اسلام آباد میں معاہدوں پر دستخط کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمان نے شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر شہباز شریف اور امام علی رحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور پاکستان کو تاجکستان کی عوام کا دوسرا گھر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ملکوں کے ساتھ روابط کا فروغ چاہتا ہے، تاجکستان وسط ایشیا کا اہم ملک ہے، ہم کاسا 1000 منصوبے کی جلد تکمیل کے خواہشمند ہیں۔