کراچی: ایک ٹرافی 2 دعویدار، دنیا میں فٹبال کا بخار عروج پر پہنچ چکا ہے، ایک سیر تو دوسرا سوا سیر ہے، ارجنٹائن یا فرانس، مقدر کا سکندر کون ہوگا؟ فیصلہ آج فائنل میں ہوجائے گا۔ قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کی شب فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ہی ٹیمیں ٹائٹل پر قبضے کیلیے بے قرار ہیں، انھیں بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہے۔ 32 ٹیموں کے درمیان گزشتہ ماہ شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں فرنچ ٹیم کو پہلے ہی فیصلہ کن معرکے تک رسائی کیلیے مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا تھا، البتہ ارجنٹائن کے بارے میں زیادہ وثوق سے یہ بات نہیں کی جارہی تھی تاہم اپنے سپر اسٹار فٹبالر لیونل میسی سے تحریک حاصل کرنے والی ٹیم نے تمام ابہام دور کردیے۔ کوپا امریکا چیمپئنز ارجنٹائن کا ٹورنامنٹ میں آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب اسے سعودی عرب کے ہاتھوں1-2 سے شکست ہوگئی، اس کے بعد میکسیکو سے بھی کافی سخت مقابلہ رہا تاہم میسی نے 64 ویں منٹ میں گول کرکے صورتحال بدل دی، بعد میں ارجنٹائن نے آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور کروشیا پر فتوحات حاصل کرتے ہوئے فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کی، اس دوران جولین الواریز نے بھی صلاحیتوں کا بھرپور جادو جگایا۔ دوسری جانب فرانس کو آسٹریلیا سے پہلے میچ کے آغاز میں ہی ایک گول کے خسارے میں جانا پڑا ،ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے4-1سے کامیابی حاصل کی، پھر ڈنمارک سے میچ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت لاسٹ 16 میں جگہ پکی کرلی، اگرچہ اسے تیونس کے ہاتھوں مات ہوئی مگر بعد ازاں پولینڈ کو ناک آٹ کرکے کوارٹر فائنل کا ٹکٹ کٹوایا جہاں پر انگلینڈ کو2-1 سے ٹھکانے لگایا۔