لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسمبلی کا اجلاس بدھ کو طلب کرتے ہوئے وزیر اعلی پرویز الہی کو ارکان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے دستخط سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں گورنر نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 130 (7) کے تحت میں بدھ 21 دسمبر کو سہ پہر 4 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرتا ہوں جس میں وزیراعلی اعتماد کا ووٹ لیں۔ حکم نامے کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ایوان میں حکومتی اتحاد اور اپوزیشن اتحاد میں بہت کم عددی فرق ہے، میں بطور گورنر اس بات پر متفق ہوں کہ وزیراعلی چوہدری پرویز الہی ایوان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ 17 دسمبر کو وزیراعلی نے عمران خان کی جانب سے سابق آرمی چیف کے خلاف کمنٹس دینے پر انٹرویو میں عمران خان کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا، وزیراعلی کا یہ بیان پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی کے خلاف تھا جس پر 2 اراکین مستعفی بھی ہو گئے، وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے 4 دسمبر کو ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ وہ آئندہ مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں کرینگے، کابینہ کے ایک رکن سردار حسنین بہادر دریشک کی کابینہ اجلاس کے دوران تلخ کلامی ہوئی جس پر وہ مستعفی ہو گئے۔