اسلام آباد: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ، سینیٹر مشاہد حسین سید اور چوہدری شافع حسین سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ بعدازاں انہوں نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے اور آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ چوہدری شجاعت نے زور دیا کہ عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے، کیونکہ عوام نے انہیں منتخب کرکے بھیجا ہے وہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں، اگر انہوں نے صرف تنخواہ اور دیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں ہے۔