اسلام آباد: ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے حکم دیا الیکشن کمیشن 101 یونین کونسلز پر 31 دسمبر ہی کو الیکشن کرائے۔ قبل ازیں کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 101 یونین کونسلز پر 7 سے 10 دن میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جس میں وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل جب کہ پی ٹی آئی وکیل سردار تیمور اسلم پیش ہوئے۔ اس موقع پر ڈی جی الیکشن کمیشن بھی دیگر حکام کے ساتھ عدالت میں موجود تھے۔