چین میں کورونا کیسز کے پھیلاو کے پیشِ نظر آسٹریلیا نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے منفی کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 5 جنوری سے آسٹریلیا میں چین سے آنے والوں کو منفی کورونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ دکھانا ہوں گے۔ اس حوالے سے آسٹریلوی وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ اور مکاو سے آنے والے مسافروں پر بھی پابندی لاگو ہو گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت نے چین سے کورونا وائرس کے حوالے سے مزید حقیقت پر مبنی معلومات شیئر کرنے کا کہا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ چین کے اسپتالوں اور اموات کے اعداد و شمار بتائے جائیں، چین میں کورونا سے متعلق تعاون اور ویکسی نیشن میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔