لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے پاس امریکا کا اسلحہ ہے خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردوں سے مقابلہ نہیں کرسکتی، جب تک بیٹھ کر بات نہیں کریں گے دہشت گردی نہیں رکے گی۔ اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، دہشت گردی سے وقت پر نہ نمٹا گیا تو اس کے منفی اثرات ہوں گے، ماضی میں بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو نقصان ہوا، کیا وجہ تھی کہ ماضی میں پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ دار بنایا گیا، ہم 20 سال تک امریکی جنگ کا حصہ رہے ہیں، ابھی تک امریکی جنگ کے اثرات پاکستان میں موجود ہیں۔