اسلام آباد: انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔ دہشت گردوں کے خود کش حملوں کے نیٹ ورک سے افغان موبائل سمز، منشیات اور کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ 19 جنوری کو جمرود تختہ بیگ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ آور داخل ہوا تھا، جس کی فائرنگ سے 3 پولیس اہل کار شہید ہو گئے تھے اور فائرنگ کے بعد خودکش حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا لیا تھا۔ بعد ازاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پولیس چوکی پر حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔ چیک پوسٹ پر دہشت گردی کے واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے گولیوں کے خول، خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضا فرانزک کے لیے جمع کیے اور جیو فینسنگ سمیت سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا۔