پشاور: گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ بینظیر کی شہادت پر بھی الیکشن ملتوی ہوئے تھے جب کہ آج تو صوبے کے ہر ضلع میں سانحے ہورہے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پولیس لائنز دھماکا قومی سانحہ تھا، وزیر اعلی اور گورنر ایک پیج پر ہیں، واقعے سے پہلے بھی کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی بیٹھک ہونی چاہے، اب اس حملے نے پولیس کو نیا جذبہ بخشا، ان کا مورال مزید بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں ہر چیز پر بات ہوئی، مگر ایک پارٹی نے شرکت نہیں کی، اب قوم فیصلہ کرے کہ ایسے حالات میں بھی یہ ایک نہیں ہوتے۔