آرکنساس: ورزش کے لاتعداد فوائد آپ انہی صفحات پر پڑھ چکے ہیں۔ اب سائنس کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ باقاعدہ ورزش سے ہمارے خلیات عین وہی ردِ عمل دیتے ہیں جو جوان خلیات میں رونما ہوتے ہیں۔ فزیالوجی نامی تحقیقی جرنل میں شائع ایک رپورٹ میں جامعہ آرکینسس کے شعبہ صحت سے وابستہ کیون میوریک اور ان کے ساتھیوں نے ثابت کیا ہے کہ باقاعدگی سے ورزش سے پٹھے (مسلز) وہ سالماتی (مالیکیولر) پروفائل اخراج کرتے ہیں جو عین جوان خلیات سے نمودار ہوتا ہے۔ یعنی اگر ادھیڑ عمری میں بھی ورزش کی جائے تو پٹھوں کے خلیات کا سالماتی اظہار (ایکسپریشن) عین وہی ہو جاتا ہے جو جوان افراد کے خلیات میں پایا جاتا ہے۔ اگرچہ مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن ابتدائی اندازہ ہے کہ اس طرح بوڑھے عضلات یا جسمانی اعضا کو دیر تک جوان کیفیات برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔


