واشنگٹن: ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو نوجوان سوشل میڈیا کے استعمال میں نصف کمی لاتے ہیں ان کے اپنے جسم کے متعلق خیالات ایک مہینے کے اندر بہترہوجاتے ہیں۔ دنیا بھر میں نوجوان روزانہ کی بنیاد پر کئی گھنٹے اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں۔ اس وقت کا بڑا حصہ انسٹاگرام، ٹِک ٹاک اور اسنیپ چیٹ جیسی ایپلی کیشنز پر صرف کیا جاتا ہے۔ اب محققین کو ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر صرف کیے جانے والے وقت میں کمی لا کر اپنے وزن اور ظاہری حلیے کے متعلق خیالات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ کینڈا کے شہر اونٹاریو میں قائم ایسٹرن اونٹاریو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے محققین کی ایک ٹیم نے ایسے 220 نوجوانوں پر تحقیق کی جو روزانہ کم از کم دو گھنٹے فون پر صرف کرتے تھے۔