جکارتا: انڈونیشیا میں رہائشی علاقے میں قائم ایک آئل ڈپو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس میں جھلس کر 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہولناک واقعہ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں معروف انرجی کمپنی کے آئل ڈپو میں اس وقت پیش آیا جب دوسری ریفائنری سے لایا گیا آئل ٹینک میں بھرا جا رہا تھا۔ آئل ڈپو کے نزدیک ہی ایک بستی بھی تھی جس میں 1300 افراد رہائش پذیر تھے۔آگ نے مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ خوفناک آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ رہائشیوں کو گھروں سے نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ درجنوں گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔ آگ میں بری طرح جھلسنے اور دم گھٹنے سے 18 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں جب کہ 35 افراد شدید زخمی ہیں۔